افغان طالبان رہنما ملا برادر دنیا کے بااثر ترین افراد کی فہرست میں شامل
نیویارک: بین الاقوامی جریدے ’ٹائمز ‘ نے 2021 میں دنیا کے بااثر ترین افراد کی فہرست جاری کی ہے جس میں افغان طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی طور پر معتبر مانے جانے والے امریکی جریدے ’ٹائمز‘ نے ہر سال کی طرح 2021 میں بھی بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری ہے۔ جس میں سرفہرست ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی افریقی نژاد امریکی خاتون سربراہ نگوزی اوکونجو اویلا ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن دوسرے بااثر ترین شخص قرار پائے ہیں۔
بااثر افراد کی فہرست میں جہاں چین کے صدر ژی جن پنگ، امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس، ڈونلڈ ٹرمپ، نریندرا مودی اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی شامل ہیں، وہیں اس فہرست میں افغان طالبان کے اہم ترین رہنما ملا عبدالغنی برادر بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
افغان طالبان نے بھی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں ملا عبدالغنی برادر کو شمالیت کا خیر مقدم کیا ہے، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے سیکریٹری بلال کریمی نے کہا ہے کہ ملا برادر اخوند انتہائی نرم مزاج اور فیصلہ ساز شخصیت ہیں، انہوں نے دنیا کی ایک بڑی طاقت کے ساتھ تاریخی معاہدے کے لیے انتہائی جانفشانی سے اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔
ملا عبدالغنی برادر طالبان کے اہم ترین رہنماؤں میں شمار کئے جاتے ہیں، ان ہی کی سربراہی میں قطر میں طالبان کے وفد نے امریکا سے افغانستان سے انخلا کے حوالے سے مذاکرات کئے تھے۔ تاہم افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے چند ہی روز میں ملا برادر کے دیگر رہنماؤں سے اختلافات کی خبریں انتہائی گرم ہیں، وہ اس وقت کابل کے بجائے قندھار میں موجود ہیں۔