امریکا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک
واشنگٹن: امریکی ریاست میری لینڈ میں ناراض پڑوسی نے اپنے ہمسائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ حملہ آور بھی پولیس فائرنگ میں مارا گیا۔
فائرنگ سے قبل اہل محلہ نے دھماکے کی آواز سنی جس پر کافی لوگ باہر نکل آئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح شخص کو اپنے پڑوسیوں کو گولیاں مارتے دیکھا گیا۔ حملہ آور نے گلی میں موجود دیگر لوگوں پر گولیاں برسائیں۔
پولیس نے ملزم کا تعاقب کرکے گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر حملہ آور نے فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ تاحال واقعے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔
اہل محلہ کا کہنا ہے کہ حملہ آور اور ہلاک ہونے والے کافی عرصے سے ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں۔ حملہ آور اکثر جھگڑا کرتا رہتا تھا۔