امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، خطبہ حج

عرفات: امام کعبہ نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے۔

امام کعبہ نے میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے فرمایا میرے سوا کسی کو نہ پکارو اور شریک نہ ٹہراؤ، رسول ﷺنے فرمایا، تم زمین والوں پر رحم کرو، اللہ تم پر رحم فرمائے گا، امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو، اللہ کریم نے کہا میری رحمت میرے عذاب پر غالب ہے، رسول ﷺنےفرمایا، جنت میں اللہ کے رحم و فضل کے بغیر کوئی داخل نہیں ہو گا۔

امام کعبہ نے خطبہ حج میں کہا کہ اللہ نے جیسے تم پر احسان کیا ویسے تم لوگوں پر کرو، اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے، اللہ نے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا، والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو، رسول ﷺنے فرمایا اپنے ملازمین کے ساتھ احسان کا معاملہ اختیار کرو، خادموں پران کی طاقت سے زیادہ بوجھ مت ڈالنا، اپنے حقوق اوروعدوں کو پورا کرو، تمارے لئے کتاب کو بھیجا گیا ہے تاکہ تم ہدایت پاؤ اور اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دے دیتا ہے، اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو، اپنے رب کی ایسے عبادت کرو جیسے اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔
امام کعبہ نے کہا کہ اللہ زمین پر فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، قرآن میں فرمایا گیا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو، آپس میں ہمدردی کے تعلقات قائم کرو اور عداوت و نفرت کو ختم کرو، معاشرے میں مساوات قائم کرو، اللہ کی رضا کے لیے ایک دوسرے کو معاف کرو۔

امام کعبہ کا کہنا تھا کہ اللہ سے ڈرتے رہو، اپنی نمازوں کی حفاظت کرو اور اپنے وعدوں کو اللہ کی رضا کے لیے پورا کرو، شیطان تمہیں گمرا ہ کرنے کی کوشش کرے گا، اگر اللہ کا فضل نہ ہوتا تو لوگ شیطان کی اتباع کرتے، رسول ﷺنےفرمایا، جنت میں اللہ کے رحم و فضل کے بغیر کوئی داخل نہیں ہو گا۔

امام کعبہ نے مزید کہا کہ احسان یہ ہے کہ گویا تم اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے تم اسے دیکھ رہے ہو اور ایسا ممکن نہ ہو تو سمجھ لو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ اللہ کا فرمان ہے جو بندہ اپنےنفس پر ظلم کرتاہے تو اس کے لیے توبہ کا دروازہ کھلا ہے، اگر کسی علاقے میں وبا پھیل جائے تو باہر سے لوگ وہاں مت جائیں اور وہاں کے لوگ باہر نہ نکلیں، تمام حجاج اپنے اپنے شہروں کے لیے دعا کریں، جب آپ دعا کرتے ہیں تو فرشتے فخر کرتے ہیں۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ نے بندوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ فرمایا، اللہ نے فرمایا میں نے تمہارے لیے دین کامل کردیا۔ ہمیں اللہ ہی کی عبادت کرنی چاہیے جس کےسوا کوئی معبود نہیں،رسول کریمؐ آخری نبیؐ ہیں، اپنی نمازوں کی حفاظت کرو، بالخصوص نماز عصر کی، اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو اور تقویٰ و پرہیزگاری اختیار کرو۔ بےشک اللہ صبر کرنیوالوں کے ساتھ ہے اور اللہ تعالیٰ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button