افغانستان ؛ اسکول پر راکٹ حملے میں 25 طالبات سمیت 40 افراد جاں بحق
کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں ایک اسکول پر تین راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں 25 طالبات سمیت 40 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل کے علاقے دشت بارچی کے سید الشہدا اسکول پر اس وقت راکٹ حملہ کیا گیا جب طلبات چھٹی کے بعد باہر نکل رہی تھیں۔ 100 کے قریب طالبات کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 52 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یکے بعد دیگرے تین راکٹ اسکول کی عمارت سے ٹکرائے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔