کورونا بھارت میں 2 لاکھ سے زائد زندگیاں نگل گیا
نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، بدھ کو ایک دن میں سب سے زیادہ 3ہزار293اموات کے نتیجے میں بھارت میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق بدھ کا دن بھارت میں کورونا وبا کے حوالے سے اب تک کا سب سے تباہ دن رہا۔ جہاں ایک دن میں دنیا میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 60ہزار960 نئے کیسز کا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ جبکہ 3ہزار سے زائد اموات کے نتیجے میں مرنےوالوں کی تعداد 2لاکھ ایک ہزار 187تک جاپہنچی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر اور نئی دہلی میں کورنا کی تباہ کن صورتحال کے باعث صحت کے نظام اور شمشان گھاٹوں کو بے پناہ دباؤ کا سامنا ہے، لاشوں کی بھرمار کے باعث کار پارکنگز کو شمشان گھاٹوں میں تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ مسلسل چتائیں جلنے کے باعث لکڑی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔
دوسری جانب بدھ کو بھارتی حکومت کی جانب سے 18سال زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوتے ہی حکومتی ویب سائٹ اور ایپلی کیشن کا سرور ڈاؤن ہوگیا۔