میزائل بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، شمالی کوریا کی امریکا کو دھمکی
پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن نے امریکی صدر جوبائیڈن کو خبردار کیا ہے کہ اُن کا ملک نہ صرف مزید جنگی ہتھیار بنائے گا بلکہ میزائل تجربات بھی جاری رکھے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن نے امریکی صدر جوبائیڈن کے اشتعال انگیزی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے میزائل تجربات کو جاری رکھنے اور مزید جنگی ہتھیار بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
شمالی کوریا کے حکمراں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگر امریکا نے دھمکی آمیز لہجہ برقرار رکھا تو یہ عمل امریکا کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوگا۔ ہم اپنی فوجی استعداد میں اضافے کے سلسلے کو جاری رکھیں گے، ملک کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
اقوام متحدہ کی بیلسٹک میزائل بنانے پر پابندی کے باوجود شمالی کوریا نے دو روز قبل ساحلی علاقے میں ایٹمی وار ہیڈ لے جانے والے 2 بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔ میزائلوں نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا تھا۔
شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربے کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ جنوبی کوریا اور جاپان نے بھی میزائل تجربے پر تنقید کی تھی۔