مودی کی بنگلہ دیش آمد پر شدید احتجاج، پولیس فائرنگ سے 4 افراد ہلاک

ڈھاکا: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنگلادیش آمد پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور گائے بھی ذبح کی، اس دوران پولیس کی فائرنگ اور لاٹھی چارج سے 4 افراد ہلاک اور کئی درجن زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹر کے مطابق بنگلادیش میں آزادی کی گولڈن جوبلی منائی جارہی ہے جس کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مدعو کیا گیا تھا اور وہ دو روزہ دورے پر ڈھاکہ پہنچے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تاہم بڑا مظاہرہ بنگلہ دیش کے شہر چٹا گانگ میں ہوا جہاں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین نے گجرات میں مسلم کش فسادات میں مودی کے مرکزی کردار پر شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے ’’مودی ۔۔۔ گجرات کا قصاب‘‘ اور ’’ مودی واپس جاؤ‘‘ کے بینرز اُٹھا رکھے تھے۔

مودی کے دور حکومت کے دوران مختلف ریاستوں میں گائے کو ذبح کرنے پر پابندی کے خلاف احتجاجاً مظاہرین نے ڈھاکا کے ریڈ زون کی مرکزی شاہراہ پر ایک گائے کو ذبح کردیا۔

مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے چٹاگانگ پولیس نے ربر کی گولیاں فائر کیں، آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا جس کے سبب چار مظاہرین ہلاک اور کئی درجن زخمی ہوگئے، پولیس نے 15 مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا۔

اطلاعات ہیں کہ چٹاگانگ کا یہ بڑا احتجاج حفاظت اسلامی نامی مذہبی تنظیم کی جانب سے کیا جارہا تھا جس کے دوران پولیس نے فائرنگ کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button