بڈگام :قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ایک زبردست احتجاج مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کے کئی دیہات کے رہائشییوں نے چیک کاﺅسہ گاﺅں میں اکھٹے ہوکر سمارٹ بجلی میٹروں کی تنصیب کے خلاف شدید احتجاج کیا۔مظاہرے میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں ۔ انہوںنے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے کی گئی نئے سمارٹ میٹروں کی تنصیب نے ان کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ان میٹروں کی وجہ سے انکے بل بہت زیادہ آتے ہیں جن کی ادائیگی سے وہ قاصر ہیں۔
انہوںنے کہا کہ کم آمدنی والے گھرانے شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب قطعی طور پر غیر منصفانہ ہے ۔ مظاہرین نے کہا کہ انتظامیہ نے اگر لوگوں کی مشکلات کی طرف توجہ نہ دی تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔